لکھنؤ:18؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے مراد آباد کے ایک سرکاری اسپتال میں اتوار کی شام ایک 46 سالہ ایک وارڈ بوائے کی موت ہوگئی ، جسے 24 گھنٹے قبل ہی کورونا ویکسین دی گئی تھی ۔
ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ ان کی موت کا کوڈ ویکسین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وارڈ بوائے مہپال سنگھ کی اتوار کے روز سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے موت ہوگئی تھی ۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد سے ہی وہ پریشانی کی شکایت کررہے تھے۔
مراداباد کے چیف میڈیکل آفیسر ایم سی گرگ نے بتایا کہ انہیں ہفتے کو کوکورونا ویکسین دی گئی تھی۔ اتوار کے روز اس نے سانس لینے اور سینے میں تکلیف کی شکایت کی۔ انہوں نے ہفتہ کی رات اپنی نائٹ ڈیوٹی بھی کی تھی اس وقت تک انہیںکوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کی موت کورونا ویکسین کی وجہ سے نہیں ہوئی۔
وارڈ بوائے کے بیٹے وشال نے بتایا کہ اس کے والد کو پہلے سے کوئی پریشانی رہی ہو گی ، لیکن ویکسین لگوانے کے بعد ان کی صحت خراب ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ میرے والد دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے ویکسین سنٹر سے نکلے ۔ میں انہیں گھر لے کرآیا۔ انہیں سانس لینے میں پریشانی ہورہی تھی اور کھانسی بھی آرہی تھی ۔ انہیں نمونیا کا اثر، کھانسی اور زکام تھا ، لیکن گھر آنے کے بعد ان کی طبیعت مزید خراب ہوگئی۔